ٹیکس کی عدم ادائیگی، برازیلی فٹبالر نیمار کے اثاثے منجمد

Neymar

Neymar

ساؤ پاؤلو (جیوڈیسک) برازیلی حکام نے قومی فٹبال ٹیم کے رکن اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے لیے کھیلنے والے فٹبالر نیمار کے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان اثاثوں میں ایک لگژری کشتی، ایک طیارہ اور کئی عمارات شامل ہیں۔

حکام کے مطابق فٹبالر نیمار نے ٹیکس بچانے کے لیے کئی فرضی کمپنیوں کا استعمال کیا۔

ذرائع کے مطابق ساؤ پاؤلو کی وفاقی عدالت نے اثاثوں کے انجماد کے فیصلے کے خلاف نیمار کی جانب سے دائر کی گئی اپیل مسترد کر دی تھی۔ جبکہ حکام نے اثاثے منجمد کرنے کے لیے وارنٹس بھی جاری کر دیے۔

نیمار اور ان کے اہلِ خانہ پر تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہوا تھا۔

واضح رہے کہ نیمار کے خلاف ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت سپین میں بھی ایک مقدمہ درج ہے۔ جبکہ دوسری طرف نیمار اور ان کے اہلِ خانہ کا الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی دھوکہ دہی نہیں کی۔