کراچی: انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اور متحدہ طلبہ محاذ کے نائب صدر بابر مصطفائی نے کہا ہے کہ اکثریت اسکول و کالجز نے ابھی تک سیکورٹی کے حوالے سے کسی بھی طور پر کوئی اقدام نہیں کیا ہے، اطراف شہر تو ایک طرف شہر کے اندر بھی کچھ نظر نہیں آتا ہے، پولیس و رینجرز سمیت کسی بھی سرکاری حفاظتی ایجنسی نے اب تک کسی اسکول و کالج کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی قانون طور پر کسی ادارے کی گرفت نہیں کی گئی ہے، بلکہ کوئی قانون بھی ترتیب نہیں دیا گیا ہے، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن نے وفد کی صورت میں مختلف کالجز و اسکول کا دورہ کیا گیا۔
دورے کے بعد ڈویژنل دفتر نورانی ریسرچ سینٹر میں تنظیمی صورتحال اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی پلان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اور متحدہ طلبہ محاذ کے نائب صدر بابر مصطفائی نے کہا کہ سیکورٹی پلان کے نام پر اسکول و کالجز میں فیس بڑھا دی گئی ہے، جامعہ کراچی اور جامعہ اردو میں سیکورٹی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اور فیس بھی بڑھائی گئی ہے، حکومت اس بات کا سدباب کرے، کیا اداروں کی حفاظت کی فیس بھی طالبعلموں کی جیب سے وصول کی جائے گی۔
اس موقع پر جامعہ کراچی سے آئے ہوئے انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے نگران عبداللہ نورانی نے کہا کہ یہ بات انجمن طلبہ اسلام کے لئے باعث اعزاز ہے کہ 2011 میں جامعہ کراچی میں سالانہ میلاد کا آغاذ انجمن طلبہ اسلام نے کیا اور اب یہ سالانہ جلسہ میلاد مصطفیۖ جامعہ کراچی کے کیلنڈر کا حصہ بن چکا ہے، عبداللہ نورانی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے انتخابات 18 فروری کے دن شعبہ اسلامک لرننگ میں منعقد ہونگے، نئی قیادت کو منتخب کرینگے اور پرانی قیادت کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔