اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے دور اقتدار میں اب تک 65 غیر ملکی دورے کئے جس میں 68 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ مئی 2013 میں ہونے والے انتخابات کے بعد سے اب تک وزیراعظم 65 غیر ملکی دورے کر چکے ہیں جس پر 68 کروڑ 82 لاکھ اور 76 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیراعظم نے سب سے زیادہ لندن کے 15 رورے کئے جب کہ سعودی عرب کے 5 اور امریکا کے 3 دورے کئے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کے ہمراہ 631 افراد نے غیر ملکی دورے کئے اور کسی بھی دورے میں 18 سے زیادہ افراد وزیراعظم کے ہمراہ نہیں گئے جب کہ برطانیہ کے زیادہ تر دورے ٹرانزٹ تھے۔
اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت پر 7 کروڑ 99 لاکھ اور 54 ہزار روپے خرچ ہوئے جب کہ سوئٹزرلینڈ کا دورہ 5 کروڑ، 42 لاکھ اور 80 ہزار روپے میں پڑا۔ امریکا کے ایک دورے پر 3 کروڑ 15 لاکھ اور 63 ہزار روپے جب کہ دوسرے دورے میں 3 کروڑ 83 لاکھ اور 25یزار روپے خرچ ہوئے، فرانس کے ایک دورے پر 3 کروڑ 22 لاکھ، 49 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ سعودی عرب کے 2 اور قطر کے حالیہ دورے پر کوئی خرچہ نہیں آیا۔