ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، چیئرمین نیب

Qamar Zaman Chaudhry

Qamar Zaman Chaudhry

ملتان (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمرزمان چودہری کا کہنا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے تاہم ہر ادارے میں کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہروقت موجود رہتی ہے۔

چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے ملتان میں نیب کے ریجنل بیورو کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے ریجنل دفتر کی سالانہ بنیادوں پر کارکردگی کا جائزہ بھی لیا، اس دوران مانیٹرنگ ٹیم کے سنیئر رکن نے چیئرمین کو بیورو کی کمزوریوں اورکامیابیوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب قمرزمان چودہری نے کہا کہ نیب کے فاٹا اور گلگت بلتستان سمیت 8 ریجنل بیوروزکام کر رہے ہیں، 2015 میں نیب ملتان نے 1438 شکایات وصول کیں، ملتان بیورو نے 124 میں سے 87 شکایات کی تصدیق مکمل کی جب کہ 61 میں سے 43 تحقیقات مکمل کیں اور 43 میں سے 32 معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ 2015 میں نیب ملتان نے 7 بدعنوان افراد کو گرفتار کیا اور 16 ریفرنس دائر کئے، اس کے علاوہ ایک سال کے دوران 2 کروڑ 11 لاکھ روپے بھی قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔