نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے گزشتہ اپریل سے لاپتا عراق کے صوبہ دیالا کے لیے اس کے نمائندے کو قتل کر دیا گیا ہے ۔
عامر القیسی کی لاش نومبر میں برآمد ہوئی تھی لیکن اس معاملے کی باقاعدہ تصدیق رواں ہفتے ہو سکی ۔حکام کا ماننا ہے کہ القیسی کو داعش کے خلاف لڑنے والے عسکریت پسندوں نے اغوا کے بعد قتل کیا، لیکن یہ شدت پسند اغوا، قتل اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں۔
سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسے “حیران کن قتل” قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی اور عراقی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔عراق کے لیے اقوم متحدہ کے ایلچی جان کوبس کا کہنا تھا کہ کئی ماہ تک القیسی کی بازیابی کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں۔