واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدربراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی آئین اس بات پر بہت واضح ہے کہ سپریم کورٹ میں جب کوئی آسامی خالی ہو تو اس کو پر کرنے کے لیے جسے بھی صدر نامزد کرے سینیٹ کو اس پر غور کرنا چاہیئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر اوباما نے کیلیفورنیا کے شہر رینچو میراج میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کی معقول وجہ بتائی جائے کہ سینیٹ جسٹس انٹونن اسکالیا کی جگہ ان کی طرف سے نامزد کیے گئے نئے جج کی تقرری پر سماعت کرنے سے کیوں انکار کرے گی۔
سینیٹ کے ایجنڈے کا فیصلہ کرنے والے رپبلیکن اکثریتی رہنما مِچ مکونل نے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے لیے نئی نامزدگی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیں گے، اگلا صدر جو جنوری 2017 میں عہدہ سنبھالے گا اسے یہ تقرری کرنی چاہیئے۔صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی غیر تحریر شدہ قانون نہیں جو یہ کہتا ہے کہ اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے قریب کوئی صدر کسی جج کو نامزد نہیں کر سکتا۔