پشاور (جیوڈیسک) محکمہ انسداد دہشتگردی اور اینٹلی جنس بیورو نے پشاورمیں مشترکہ کاروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے اہم لیڈر راشد بلوچ کو گرفتار کرلیا۔
ملزم کو تفتیش مکمل کرنے کے بعد کراچی پولیس کے حوالے کیاجائے گا۔لیاری گینگ وار بابا لاڈلا گروپ کے لیڈر راشد بلوچ کو پشاور کے رامداس چوک سے گرفتار کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم راشد بلوچ کی موجودگی کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات پر کاروائی عمل میں لائی گئی۔ ملزم کراچی میں رینجرز آپریشن شروع ہونے کے بعد سے پشاور میں مقیم تھا، راشد بلوچ نے نادرا کے پشاور میں واقع دفتر میں شناختی کارڈ کی تجدید اور پاسپورٹ کے حصول کے لئے درخواست جمع کرا رکھی تھی اور ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق راشد بلوچ کراچی میں رینجرز اور پولیس پر حملوں، اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے اور اس کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کو تفتیش مکمل کرنے کے بعد کراچی پولیس کے حوالے کی جائے گا۔