پیپلز پارٹی نیب قوانین میں اصلاحات کیلئے تیار، ایف آئی اے کی مداخلت روکنا شرط

PPP

PPP

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے نیب کے حوالے سے لب کشائی کیا کی، ہر طرف، ہر سو بس نیب ہی نیب کے چرچے ہیں۔ نواز شریف کچھ سخت ہوئے تو آصف علی زرداری نے بھی تائید کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے کے حوالے سے بھی شکوے شکایات کر دیں اور اب پیپلز پارٹی نے کچھ اور فرنٹ فٹ پر آ کر کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نیب اور ایف آئی اے کے اختیارات سے تجاوز پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردعمل دیا جائے گا۔ نیب کے اختیارات اور صوبائی خود مختاری کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے پالیسی گائیڈ لائن مرتب کر لی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ نیب کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے کو بھی صوبوں میں مداخلت سے روکا جائے۔

حکومت نیب قوانین اور ایف آئی اے کو صوبائی خود مختاری میں مداخلت سے روکنے کے لئے قوانین میں ترامیم لاتی ہے تو پیپلز پارٹی مشروط تعاون کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے کے اختیارات سے تجاوز کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہو گا۔

نیب اور ایف آئی اے کو وہاں تک محدود رکھا جائے جس سے صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہ ہو۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے معاملے پر پارٹی کے قانونی ماہرین کو ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔