اسلام آباد (جیوڈیسک) وازرت داخلہ کے ترجمان نے کہا پیپلز پارٹی کے رہنماء بار بار ایف آئی اے پر بلا جواز تنقید کر کے بد عنوانی کے مقدمات کی تفتیش کو متنازع بنا رہے تھے۔
وزیر داخلہ نے اس تناظر میں آصف زرداری کو دعوت دی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو تمام ایف آئی اے کیسز کی عدالتی سکروٹنی کے لئے تیار ہیں، اگر حکومت سندھ کو کے ایم سی کیس میں ایف آئی اے کے کردار پر تحفظات ہیں تو وہ اس کے خلاف عدالت جا سکتی ہے، اگر پیپلز پارٹی کی قیادت چاہے تو اگلے ہفتے ہی عدالتی کمیشن اور سکروٹنی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔
اس سے پہلے وزیر اعلی سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کو ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کاروائیوں پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی دعوت دی ہے جس کو حکومت قبول کرتی ہے۔
سندھ حکومت جلد جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے وفاق کو درخواست دیگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب اختیارات سے تجاویز کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے کے ایم سی کی 1500 فائلیں لے جا چکی ہے۔
جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کاروائیوں پر غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی۔