اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے افغان پارلیمنٹ کے اسپیکر عبد الرؤف ابراہیمی نے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے، افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی چاہتے ہیں۔
افغان پارلیمنٹ کے اسپیکر نے افغان پارلیمانی وفد کے ہمراہ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ،جس میں دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی سطح کے رابطوں سے متعلق امورپر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پر امن ، مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان کا خواہاں ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ چار فریقی کوآرڈی نیشن گروپ مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے،افغان حکومت اور افغان طالبان کےدرمیان بات چیت پرآمادگی امن کےقیام کےلئےمثبت ہے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اور آفتاب شیرپاؤ بھی موجودتھے ۔