اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہےکہ ہر دور میں ہمارے خلاف آپریشن ہوا اور اب بھی ہورہا ہے جب کہ پنجاب میں کارروائی کا اشارہ ہوا تو وہاں کے وزیر قانون اور وزیراعلیٰ سمیت وزیراعظم بھی بول پڑے۔
اسلام آباد میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نیب اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے، ہم اداروں سے نہیں لڑتے لیکن انہیں ان کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کا کہتے ہیں جب کہ نیب اور ایف آئی اے صرف کراچی میں کارروائی کررہے ہیں جس کے خلاف سندھ حکومت کئی دن سے چیخ رہی ہے اور اس طرح کی کارروائیوں سے صوبائی حکومت مفلوج ہوگئی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہر دور میں ہمارے خلاف آپریشن ہوا اور اب بھی ہمارے خلاف ہی آپریشن ہورہا ہے، پنجاب میں کارروائی کا اشارہ ہوا تو وہاں کے وزیر قانون اور وزیراعلیٰ سمیت وزیراعظم بھی بول پڑے، ہم احتجاج کرتے ہیں تو سپریم کورٹ ہمارے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) ہر قانون سے مبرا ہے، اگر انہیں سپریم کوٹ بلائے تو وہ خود بھی بند ہوجاتی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ توہین عدالت، گھر جانا اور عدالت کے ہاتھوں قتل ہونا بھی ہمارے لیے ہی ہے اور (ن) لیگ مقدس گائے ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی کے لیے مخصوص نہیں ہونا چاہے، احتساب بلا تفریق اور سب کے لیے ہونا چاہیے جب کہ کسی کو مقدس گائے نہیں ہونا چاہیے۔