کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرم ایجنسی میں افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے شہید انوڈنڈ میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی ودیگر نے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکی ڈرون حملے نئی بات نہیں ہیں مگر پیشگی اجازت کے بناءیہ حملے پاکستان کی آزادی و خود مختاری کیخلاف ہیں۔
یہی وجہ ہے ان حملوں میں پاکستان دشمن دہشتگردوں کی ہلاکت کے باجود ان کیخلاف احتجاج بھی روایت ہے مگر مذکورہ حملے کیخلاف وزارت خارجہ یا عسکری حلقوں کی جانب سے خاموشی یقینا افسوسناک ہے۔
اسلئے ضرورت اس امر کی ہے پاکستان و امریکہ کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ معاہدے کے تحت امریکہ نشاندہی کا فریضہ انجام دے اور پاکستان اپنے پاس موجود ڈرون کے ذریعے دہشتگردوں کی سرکوبی کرکے اپنی خود مختاری و آزاد تشخص کو محفوظ رکھے۔