بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، صدارت چوہدری خالد حسین شیخو چک صدر نے کی

Kharian

Kharian

کھاریاں : ہتک آمیز رویہ، کرپشن اور سسٹم ٹھیک نہ ہونے پر کھاریاں بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے اراضی سنٹر کھاریاں کو تالے لگا دیئے اور عملہ کو باہرنکال دیا اس سلسلہ میں بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ صدارت چوہدری خالد حسین شیخو چک صدر نے کی، جنرل سیکرٹری چوہدری محبوب علی ڈھولہ، نائب صدر چوہدری زبیر اختر اور وکلاء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری خالد حسین اور چوہدری محبوب علی نے کہا کہ کھاریاں اراضی سنٹر کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے ٹائوٹ مافیا کا قبضہ ہے سائلین کو ذلیل و خوار کیا جاتا ہے۔

حتی کہ وکلاء کے ساتھ بھی ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے ایسا لگتا ہے کہ ہم فرد لینے نہیں بلکہ تھانہ میں ملزم بن کر آئے ہیں جب تک کرپشن ختم نہیںہوتی عملہ کا رویہ سب کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوتا ہم تالے نہیں کھولنے دیں گے اور نہ ہی عملہ کو کام کرنے دیں گے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے سی کھاریاں میاں اقبال مظہر نے نائب تحصیلدار چوہدری افضل کو وکلاء کے ساتھ مذاکرات کے لئے ٹاسک دیا جو کہ وکلاء کے ساتھ مذاکرات کے بعد اے سی کھاریاں کے پاس گئے اے سی نے کہا کہ ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے وکلاء اور کسی کے ساتھ بھی ہتک آمیز رویہ کی اجازت نہیں دی جائے گی معاملات ٹھیک کریں گے۔

وکلاء اور تحصیل انتظامیہ محکمہ ریونیو کے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تالے کھول دیئے گئے اور عملہ نے کام کرنا شروع کر دیا اس معاملہ میں سائلین نے بھی شکایات کے انبار لگا دیئے اور مطالبہ کیا کہ افسران بالا کمپیوٹر اراضی سنٹر کے عملہ کا رویہ درست کریں ٹائوٹ مافیا کو بھگایا جائے اور کرپشن کا بھی خاتمہ کیا جائے ہمیں ذلیل و خوار ہونے سے بھی بچایا جائے۔