اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئینٹی میں شرکت کی اجازت دیدی ، ورلڈ ٹی ٹوئینٹی 8 مارچ سے بھارت میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 19مارچ کو دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔
مردوں کے ایونٹ کیلئے انعامی رقم 56 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے جو 2014 میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے مقابلے میں 86 فیصد زیادہ ہے اسی طرح خواتین کے ایونٹ کیلئے پرائز منی 122 فیصد اضافے کے بعد چار لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔
آٹھ مارچ سے تین اپریل 2016 تک کھیلے جانے والا یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔پہلے مرحلے کے گروپ ونرز 15 سے 28 مارچ کے دوران دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے ساتھ سپر 10 مرحلے میں مد مقابل ہوں گے۔
ایونٹ کے لیے ٹیموں کو دو گروپوں میں رکھا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے درمیان میچز ایک ہی دن 19 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کا پہلا 16 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ممبئی میں ہوگا، دوسرا میچ 19 مارچ کو بھارت سے دھرم شالا میں،تیسرا میچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف موہالی اور 25 مارچ کو آسٹریلیا سے موہالی میں ہی ہوگا۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آخری گروپ میچ 28 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ 29مارچ کو آرام کا دن ہوگا۔ 30 مارچ کو پہلا سیمی فائنل نئی دہلی میں،31مارچ کو دوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا، دو دن آرام کے بعد3 اپریل کو کولکتہ میں ٹورنامنٹ کا فائنل ہوگا۔ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کی تھی۔