ڈھاکا (جیوڈیسک) سری لنکا کے فاسٹ بولر لاستھ ملنگا نے ورلڈ ٹی ٹونٹی تورنامنٹ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا ہے۔ ملنگا کا کہنا ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب آ گیا ہے اور وہ ٹی ٹونٹی سے بھی ریٹائرمنٹ پر غور کر سکتے ہیں۔
گزشتہ روز میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں ملنگا نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں قومی ٹیم کیلئے گزشتہ 12 سال سے کھیل رہا ہوں۔ میں 32 سال کا ہو چکا ہوں۔ اب میں سوچتا ہوں کہ اب اگر مجھے کوئی انجری ہوتی ہے تو میرے لیے آرام کی غرض سے وقفہ لینا مشکل ہوگا۔
اگر میں ایک سال یا اس سے زائد کا وقفہ لیتا ہوں تو یہ میرے کیریئر کا اختتام ہوگا۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں اس انجری سے مکمل طور پر صحتیاب ہونے میں کامیاب ہو سکوں گا لیکن میں پھر بھی اس پر قابو پانے کی کوشش کروں گا۔