کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں رشتےکے تنازع کے دوران پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا دم توڑ گیا، ساتھ جھلسنے والی 2 خواتین سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
لانڈھی پولیس کے مطابق شیرپاؤ کالونی میں آگ سے جھلسنے والا شخص ریاض سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دم توڑ گیا ہے، متوفی ریاض خالہ کے گھر اُن کی بیٹی کا رشتہ مانگنے آیا لیکن وہاں لڑکی کی بات پکی کرنے کی رسم جاری تھی، یہ دیکھ ریاض نے مشتعل ہوکر خود سمیت مختلف افراد پر پیٹرول چھڑک دیا۔
قریب ہی رکھے چولہے کے باعث 18سالہ ریاض، 65 سالہ خالہ سرداراں بی بی اور 40 سالہ نوری بی بی کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، تینوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ریاض دم توڑ گیا۔