لاہور (پریس ریلیز) پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) اور اردو بلاگرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مختلف بلاگرز کے بلاگوں پر مشتمل کتاب ”بے لاگ” کی تقریب پذیرائی الحمراء ہال نمبر 3 میں ہوئی جس میں دونوں تنظیموں کے عہدیداروں سمیت سینئر کالم نگاروں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سینئر صحافی سعید آسی نے کی جبکہ سلمان عابد، عامر خاکوانی، گل نوخیز اختر، شہزاد چوہدری، صدر پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ ، کتاب کے مرتبین رمضان رفیق اور خاور کھوکھر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کتاب ”بے لاگ” کو اردو ادب میں گرانقدر اضافہ اور قلمی کاوشیں کرنے والوں کیلئے راہنما کتاب قرار دیا اور کہا کہ اردو کی ترویج و ترقی کیلئے ایسی کتب کا ہر ہاتھ میں ہونا انتہائی ضروری ہے جو نہ صرف لکھنے والوں میں مطالعے کی لگن پیدا کریں بلکہ ان کی سوچوں کو بھی وسعت دینے میں معاون ثابت ہو۔
سینئر صحافی سعید آسی، سلمان عابد، عامر خاکوانی، شہزاد چوہدری، فرخ شہباز ورائچ اور دیگر نے تمام بلاگرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں بلاگرز سے کالم نگاری کی جانب سفر کے حوالے سے مختلف تجاویز و ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر پی ایف یو سی کے صدر فرخ شہباز وڑائچ نے بلاگرز اور دیگر شریک لکھاریوں کو پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ میں شمولیت کی دعوت دی اور مزید کہا کہ پی ایف یو سی بطور ادارہ نئے لکھاریوں کی راہنمائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔