اسلام آباد (جیوڈیسک) حج 2015 کے دوران سرکاری اسکیم کے تحت بینکوں میں جمع ہونے والی رقوم پر وزارت مذہبی امور کو بینکوں کی طرف سے 29 کروڑ سے زائد منافع ادا کیاگیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق منافع کی رقم حجاج ویلفیئر فنڈ میں جمع کرائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بینکوں اسے منافع کی مد میں ملنے والی رقم حاجیوں کی صحت، فلاح وبہبود، ٹرانسپورٹ اور تربیت امور سے متعلق شعور اجاگر کرنے سمیت سعودی عرب اور پاکستان میں حاجیوں کی تربیت کے پروگراموں پرخرچ کی جائے گی۔
حج 2015 میں قومی بینکوں اور وزارت مذہبی امور کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ حج درخواستوں کے بقایاجات پربینک 2 ماہ تک رکھی گئی رقوم پر5 فیصد کے حساب سے وزارت مذہبی امور کو منافع ادا کریں گے اس سے اوپر کی مدت کے لیے 6.75 فیصد اور 120 دنوں یا اس سے زائد مدت کے لیے رکھی گئی رقوم پر 10 فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج واجبات حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک، زرعی ترقیاتی بینک، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، میزان بینک، بینک الفلاح اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک میں جمع کرائے گئے۔