کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا کو محفوظ و پر امن بنانے کیلئے افواج پاکستان کا کردار اور قربانیاں نیٹو میں شامل پچاس رکن ممالک کی مشترکہ قربانیوں و کردار پر بھی بھاری ہے اور اس قدر قربانیوں کے باوجود آج بھی فوج کا ہر افسر و جوان دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم و کوشاں ہے۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے آرگنائزر و چیئرمین عمران چنگیزی ‘ وائس چیئرمین فیصل خان ‘ صدر عقیلہ غوری ‘ جنرل سیکریٹری حاجی امیر علی خواجہ ‘جوائنٹ سیکریٹری سید آصف حسین آغا اور این جی پی ایف کے سرپرست و ایم آر پی سربراہ امیر پٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں پر قومی فخر کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی بھی افواج پاکستان کا زیور بن چکی ہے۔
اب جبکہ افواج پاکستان نے اس جنگ کے آخری مرحلے کا آغاز کردیا ہے تو ضروری ہے کہ آخری وار اور آخری ہدف کے تعین سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے قومی عزم کو ایکبار پھر دہراکر دہشتگردوں سے قبل ان کے سرپرستوں اور معاونت کاروں کا صفایا کیا جائے اور پھر وقت ضائع کئے بغیر عسکری تاریخ کی لازوال جبرالطارق روایت دہراکر راحیل شریف کے عزم و ارادے کو سرخروئی عطا کی جائے۔