سینیٹ میں شرمین عبید چنائے کو خراج تحسین پیش کیا گیا

Sharmeen Ubaid

Sharmeen Ubaid

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے دوسری بار آسکرایوارڈ حاصل کرنے پر شرمین عبیدچنائے کو خراج تحسین پیش کیاہے۔

اپوزیشن نے شرمین عبیدچنائے کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف جامع قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کر دیا ۔

سینیٹر نسرین جلیل نےشرمین عبید چنائے کو دوسری بار آسکر ایوارڈ ملنے پر خراج تحسین کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ قراردادا آسکر ایوارڈ تک محدود نہیں ہونی چاہیئے،یہ قرارداد اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے اور لاٹھیاں کھانے والی تمام خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کےلیے حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ قرارداد بدھ کو لائی جانی چاہیے۔

قائد ایوان راجاظفرالحق نے کہاکہ حکومت اس قرارداد کی حمایت کرتی ہے۔ سینیٹر اعتزازاحسن نے کہاکہ وزیراعظم نے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کا وعدہ کیاہے ،اب اسے پورا کرناہوگا۔سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہاکہ اس حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر کو پہلے ہی خط لکھ رکھا ہے،حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے تو اس معاملے پر بھی بل پیش کیے جائیں ۔