لاہور (جیوڈیسک) یوٹیلٹی اسٹور ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے دالوں کی نئی قیمت جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق دال ماش 80 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی ہے، جس کی نئی قیمت 195 روپے سے بڑھ کر 275 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عام مارکیٹ میں دال ماش کی قلت کے باعث قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے اور عام مارکیٹ میں دال ماش کی قیمت مسلسل بڑھنے کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز پر گزشتہ چند ماہ سے دال ماش کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے دال مونگ اور دال مسور کی قیمت میں دو روپے کلو کمی بھی کر دی ہے۔ دال مونگ دو روپے کمی سے 158 اور دال مسور 128 روپے کلو ہو گئی ہے جبکہ دال چنا کی قیمت چار روپے کمی کے بعد 120 روپے کلو ہو گئی ہے۔