ماسکو (جیوڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے شام کے ساتھ ترکی کی سرحد کو بند کرنے مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ لاروف نے کہا شام میں موجود دہشت گرد ترکی کے راستے اسلحہ حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امدادی سامان لے جانے والوں میں ایسے عناصر شامل ہیں جو اس آڑ میں اسلحہ لے جاتے ہیں۔ سرحد بند کرنے سے دہشت گردوں کے لئے اسلحہ کے حصول کا راستہ بند ہو جائے گا۔ ادھر روسی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ لاروف نے امریکی ہم منصب سے فون پر بات چیت کی اورشام میں جنگ بندی کو مؤثر بنانے کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈے مستورا کا کہنا ہے شامی حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان امن مذکرات کا نیا دور 9 مارچ سے شروع ہو گا۔