گجرات (جی پی آئی) اچھے طالبعلم ‘ اچھے آفیسر بنتے ہیں تعلیم انسان کو نظم و ضبط اور معاشرے میں مقام بنانے کا سبق دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی صدر سرکل حافظ محمد امتیاز نے دی ایگزا سکول ترکھا کیمپس کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بچوں کو آزاد پیدا کیا ہے مگر حیوانوں’ پرندوں کے بچے پیدا ہونے کے بعد آزاد ہو جاتے ہیں اور وہ خود پلتے ‘ اور بڑھتے ہیں جبکہ انسان کا بچہ پیدا ہونے کے بعد اپنے والدین کے مرہون منت ہوتا ہے بچے کی پرورش کرنا ‘ اسے خوراک دینا والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے اور جب وہ بڑھا ہوتا ہے تو اسے تعلیم و تربیت دینا والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ایسے میں اساتذہ کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ انسان کو اشرف المخلوقات بنایا گیا ہے اور استاد کا درجہ سب سے بلند ہے۔ اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ بچے کو بہتر تعلیم و تربیت دیں، اچھا انسان بنائیں تاکہ وہ معاشرے میں اچھائیاں پھیلائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس عوام کی خدمت کیلئے کام کر رہا ہے اور ہمارے دروازے عوام کی خدمت کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔ انسپکٹر موٹر وے پولیس محمد زاہد نے کہا کہ دیہات میں بچوں کو جدید تعلیم دینا بہت کارنامہ ہے۔ ضیغم وڑائچ ‘ محمد زبیر’ شمریز اقبال’ پرنسپل بشریٰ نوشین اور انکی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وہ دن رات بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈائریکٹر دی ایگزا سکول سسٹم ضیغم ثناء وڑائچ نے کہا کہ ایگزا کا مشن اچھے انسان بنانا ہے اور طلبہ کو بہترین تعلیم و تربیت دینا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایگزا سکول ترکھا محمد زبیر نے کہا کہ دی ایگزا سکول ترکھا میں داخل ہونیوالے بچوں کی داخلہ فیس معاف کر دی گئی ہے اور ان سے کوئی اضافہ فیس وصول نہیں کی جا ئے گی۔ انہیں ہر قسم کی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف خاکے اور ٹیبلو پیش کئے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ضلعی حکومت گجرات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ڈی سی او گجرات کی طرف سے قیمتیں مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے باوجود نان و روٹی کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی۔ چوک پاکستان ، حسن چوک، جناح روڈ، خواجگان روڈ ، شاہدولہ روڈ پر واقع نان فروش روٹی 7 روپے اور نان 8 روپے کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ کیا ڈی سی او گجرات اور انکا عملہ گجرات شہر میں گرانفروشی کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ کیا انہیں عوام کی مشکلات کا اندازہ نہیں ہے؟ ڈی سی او گجرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ از خود نوٹس لیتے ہوئے نان و روٹی کی قیمتوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کروائیں۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) اسلامی یکجہتی کونسل اور جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ ممتاز قادری کی پھانسی سپریم کورٹ کے احکامات پر عملداری ہے، علما کا احتجاج شایان شان نہیں۔ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔ اس سے انارکی پھیلے گی۔ملکی سلامتی اور اتحاد امت کو مقدم رکھا جائے۔میڈیا سے گفتگو میں قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ انتہا پسندی کے باعث پاکستان کا عالمی برادری میں امیج خراب ہوا ہے، جسے بہتر کرنے کے لئے فوج اور آرمی چیف جنر ل راحیل شریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اس میں رخنے ڈالنا درست نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر ہر مسلمان جان قربان کرنے کو تیار ہے، لیکن قانون کو کسی بے گناہ کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے، یہ شریعت محمدی اور خود آئین پاکستان کی بھی خلا ف ورزی ہوگی۔ ہمیں مذاہب اور مسالک کی لڑائی سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔ اس کے لئے اپنی صفوںمیں اتحاد قائم اور اسلام کی مضبوطی کے لئے کام کیا جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات کے ساتھ کراچی ائر پورٹ پر ہونے والا سلوک حب رسول کا مظہر ہے، سینیٹر پرویز رشید کو اپنی گفتگو میں شائستگی لانی اور احتیاط کرنی چاہیے۔ بعض اوقات وہ حدسے تجاوز کرجاتے ہیں۔ اگر انہوں نے اپنی روش نہ بدلی تو خطرہ ہے کہ کہیں عوامی غیض وغضب کا شکار نہ ہوجائیں۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) چیئرمین CPLC سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی چوہدری اختر علی چھوکر کلاں نے کہا ہے کہ نونہالان وطن کی بہتر تعلیم و تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے اور دی ایگزا سکول سسٹم یہ خدمت احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔ کیونکہ قائد اعظم کے اصول ایمان’ اتحاد ‘ تنظیم اور یقین محکم بچوں میں پیدا کیا جا رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آج ننھے منے بچوں نے بہت ہی احسن انداز میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چھوٹی سی عمر میں بچوں کا اس طرح سٹیج پر آنا انکی شاندار کارکردگی کی علامت ہے۔ اور میں ضیغم ثناء وڑائچ اور انکی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ بچوں کو اچھے انداز میں تربیت کر رہے ہیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کے افکار کے مطابق نوجوانوں کی تربیت سے ان میں اچھے انسان کی صلاحیتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ اور ہمیں ضرورت اچھے نوجوانوں کی ہے جو ملک و قوم کی ترقی کیلئے قربانیاں دے سکیں۔ موجودہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اورہمارا تعاون ہمیشہ جاری رہے گا۔ DSP شاہد نواز وڑائچ نے کہا کہ اچھے آفیسر بننے کیلئے پہلے اچھا طالبعلم بننا ضروری ہے۔ جس طرح دی ایگزا سکول میں بچوں کی تربیت ہو رہی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ بچے آگے جا کر اچھے آفیسر بنیں گے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چوہدری ضیغم ثناء وڑائچ نے کہا کہ مجھے خوشی اس و قت ہو گی جب یہ ننھے منھے بچے اعلیٰ آفیسر بن کر بطور مہمان خصوصی میرے ادارے میں آئیں گے اس وقت میں اپنا سر فخر سے بلند کروں گا کہ میں نے اپنی سوچ کو بہتر اندا زمیں پروان چڑھایا ہے۔ میری سوچ یہ ہے کہ میرے ادارے سے اعلیٰ فوجی افسران’ ڈاکٹرز’ انجینئرز’ پولیس افسران اور حکمران پیدا ہوں جو کہ ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں آئیں اور دی ایگزا سکول سسٹم کی تمام برانچوں میں اسی طرح بچوں کی تربیت ہو رہی ہے۔ اس موقع پر چوہدری محمد زاہد خواص پور’ ناصر محمود ناصر’ محمد یٰسین بٹ’ شاہد رضوان’ نوید کھوکھر’ محمد انور بٹ’ منور حسین کوٹلہ ‘ چوہدری محمد ریاض کوٹلہ’ چوہدری رخسار احمد ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری و دیگر موجود تھے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) دی ایگزا سکول سسٹم لالہ موسیٰ کیمپس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس سلسلہ میں رنگا رنگ اور پر وقار تقریب کی صدارت ڈائریکٹر دی ایگزا سکول سسٹم چوہدری ضیغم وڑائچ نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ’ چیئرمین CPLC چوہدری اختر علی چھوکر کلاں’ DSP چوہدری شاہد نواز وڑائچ و دیگر موجود تھے۔ بچوں نے خوبصورت انداز میں ٹیبلو ‘ ملی نغمات اور معاشرتی ترقی میں کردار کے حوالہ سے پروگرام پیش کئے۔ کلام اقبال ممتاز گلوکار استاد غلام عباس گجراتی اور استاد دونی خاں کی نگرانی میں پیش کئے گئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ ننھے منھے فرشتوں نے پروگرام میں حاضرین کے دل جیت لئے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) شاندار تعلیمی خدمات کے 14 سال مکمل ہونے پر دی ایجوکیٹرز سکول بارہ دری کیمپس نے صحافیوں کے بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈائریکٹر شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا ہے کہ گجرات پریس کلب سے منسلک ورکنگ صحافیوں کے تمام بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ جبکہ انگلش میڈیم پرائیویٹ فرنچائز سکول سسٹم کے بچوں کیلئے نئے سال کا تعلیمی تحفہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ کسی بھی ایجوکیٹرز کی برانچ سے بارہ دری کیمپس میں داخلہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں مستقل طور پر فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائیگی۔ جبکہ اگر کسی دوسرے فرنچائز سکول سسٹم سے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں داخل ہونگے تو انہیں فیس میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی اور یہ رعایت مستقل بنیادوں پر ہو گی۔ داخلہ میرٹ پر ہو گا اور 20 مارچ تک داخل ہونیوالے بچے اس رعایت کے حقدار ہوں گے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ممتاز ماہر تعلیم وائس چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز جناح سکالرز پبلک سکول کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جناح سکالرز پبلک سکول کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اور بچوں نے جس طرح خوبصورت انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ محدود وسائل اور کم فیس پیکیج میں علاقہ کے غریب و مستحق طلباء کو تعلیم فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔ میں اس سلسلہ میں چیئرمین چوہدری انصر اور انکی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو دن رات فروغ تعلیم کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناح سکالرز پبلک سکول کی انتظامیہ اور بچوں کو بہترین کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ ان تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے اقدامات کرے جو کہ ایسے علاقہ میں واقع ہیں جہاں پر مزدور طبقہ رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ مینجمنٹ ایسوسی ایشن تعلیمی اداروں کے حل کیلئے کوشاں رہے گی۔ چیئرمین چوہدری محمد انصر نے کہا کہ ہم علاقہ کی عوام کے خدمت کے تحت کام کر رہے ہیں تاکہ علاقہ کے بچوں کو بہترین تربیت کے مواقع مل سکیں۔ پرنسپل پنجاب سکول آف سائنسز محمد احسان نے کہا کہ ہم شاندار کارکردگی پر سکول انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اُمید ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ادارہ اسی طرح علاقہ کے عوام کی خدمت کے مشن کے تحت کام کر تا رہے گا۔ اس موقع پر مسز غفاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلا شبہ علاقہ کے عوام کی بہترین خدمت کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ اسی طرح خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف ٹیبلو’ ملی نغمات بھی پیش کئے۔ مہمانان گرامی نے بچوں کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف صاحبزادہ پیر سید انتصار الحسن شاہ سروری قادری نے قافلہ کے ہمراہ غازی ممتاز حسین قادری شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔اور شہید کے چہرہ کی زیارت کی۔انھوں نے اس موقع پر چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن ،صاحبزادہ سید ریاض حسین شاہ،صاحبزادہ پیر سید منور حسین جماعتی،مفتی محمد اقبال چشتی،صاحبزادہ پیر نقیب الرحمٰن سے بھی ملاقات کی ۔بعد ازاں پیر سید انتصارلحسن شاہ نے عیدگاہ شریف میں ہونے والے حصوصی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی نے مالی سال 2016-17کیلئے صوبائی حکومت کے ترقیاتی بجٹ میں ضلع گجرات کے مختلف علاقوں میں ایجوکیشن ، ہیلتھ ، سپورٹس اور سڑکوں کے نو میگا پراجیکٹس شامل کرنے کی سفارش کی ہے کمیٹی کی سفارشات حکومت پنجاب کو بھجوا دی گئیں ہیں ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کمیٹی کے اجلاس کے میں فیصلوں کے حوالوں سے بتاتے ہوئے کیا ، اس سے قبل ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایم این ایز چوہدری جعفر اقبال ، چوہدری عابد رضا ، ایم پی ایز نوابزادہ حیدر مہدی ، میجر معین نواز ، چوہدری اشرف دیونہ ، میاں طارق محمود ، ملک حنیف اعوان ، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری مبشر حسین ، چوہدری رضا علی وڑائچ ، نوابزادہ طاہر الملک ، ای ڈی او فنانس چوہدری محمد اصغر ، ڈی او روڈز رائے محمد نواز نے شرکت کی ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے جن میگا پراجیکٹس کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کیلئے حکومت سے سفارش کی ہے کہ ان میں جی ٹی روڈ پر نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتال کا قیام ، کنجاہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز ، کھاریاں میں سپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبہ جات شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی نے جن دیگر میگا پراجیکٹس کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے ان میں گجرات سے آزاد کشمیر بائونڈری پر بھمبر روڈ کو دو رویہ کرنے ، جلالپور جٹاں روڈ کو دو رویہ کرنے ، کھاریاں سے شہانہ لوک براستہ ڈنگہ کارپٹ روڈ کی تعمیر ، سائیں راجہ پھاٹک پر انڈر پاس کی تعمیر اور بڑیلہ سے ملکی تک سڑک کی تعمیر شامل ہے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر گجرات نور العین نے بغیر وارنٹی اور جعلی کمپنیوں کو ادویات فروخت کرنے پر گجرات کے سب سے بڑے میڈیسن ڈسٹری بیوٹر خان میڈیکوز اینڈ کمپنی کو سیل کر دیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر جعلی، زائد المعیاد اور بغیر وارنٹی ادویات کی فروخت کے کاروبار میں ملوث کے خلاف کریک ڈائون کے دوران اسسٹنٹ کمشنر گجرات نے ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ ڈھکی چوک قابلی گیٹ کے علاقہ میں اچانک چیکنگ کی اس دوران خان میڈیکوز اینڈ کمپنی کے سٹور سے بغیر وارنٹی ادویات برآمد ہوئیں ۔ دوران چیکنگ اس امر کا بھی انکشاف ہوا کے مذکورہ کمپنی غیر رجسٹرڈ اور جعلی کمپنیوں کو بھی ادویات فروخت کرنے میں ملوث ہے۔ …………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کے صدر انتخاب خان چمکنی نے خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے امجد عزیز خان کو ایشین سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پوری پاکستانی قوم باالخصوص خیبرپختونخواہ کے عوام کیلئے بہت اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ صوبہ کافی عرصہ دہشت گردی کی زد میں رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث فخرہے کہ پورے ایشیاء سے ایک پاکستانی ایشین سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کا جنرل سیکرٹری منتخب ہوا جس کا تعلق خیبرپختونخواہ سے ہے۔