کراچی (جیوڈیسک) آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے نے سید نور کا فلم چوری کا الزام مسترد کر دیا، انہوں نے آسکر ایوارڈ کو پاکستان کی جیت قرار دیا ہے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مسائل کو چھپانے سے معاشرے میں سدھار ناممکن ہے۔
پاکستانی فلم ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے نے دوسری بار بھی آسکر ایوارڈ جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ وطن پہنچ کر مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتی ہوں میری جیت پاکستان کی جیت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ انہیں سپورٹ کے ساتھ ساتھ بے تحاشہ تنقید کا سامنا بھی ہے مگر وہ یہ بتانا چاہتی ہیں کہ معاشرے کو بد نما مسائل کو سدھارنے کے لیے انکو ہائی لائٹ کرنا ضروری ہے۔
غیرت کے نام پر قتل پاکستان کا اہم مسئلہ ہے۔ فلم بنانے کا مقصد اس جرم کے خلاف قانون سازی کروانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جناح کا پاکستان بنانے کے لیے مسائل کو چھپانا نہیں بلکہ انکا حل تلاش کر کے خواتین کو طاقتور بنانا ہو گا۔
سید نور سے متعلق سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سید نور کی عزت کرتی ہوں مگر واضح کرنا چاہتی ہوں کہ فکشن فلم کو دستاویزی فلم کی صورت میں کاپی نہیں کیا جا سکتا۔
سید نور کا الزام غلط ہے۔ شرمین عبید چنائے نے پنجاب میں خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے معاملے پر بھی جلد قانون سازی ہو۔