محکمہ ٹرانسپورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر بسوں ، ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے نئے کرایوں کا اعلان کر دیا ۔نان اے سی بسوں ، ویگنوں کا کرایہ 69پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر ۔فیصل آباد سے جھنگ ، جھنگ سے فیصل آباد کا نیا کرایہ 52روپے44پیسے فی مسافر ہو گا۔اضافی کرائے وصول کرنے والے بس و ویگن مالکان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم فیصل آباد : گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب نے یکم مارچ 2016ء سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظرڈیزل و پٹرول بسوں ، ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے نئے کرایوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت نان اے سی بسوں ، ویگنوں کا کرایہ 69پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے اس طرح فیصل آباد سے جھنگ، جھنگ سے فیصل آباد کا نیا کرایہ 76کلو میٹر مسافت کے باعث 52 روپے 44پیسے فی مسافر ہو گا جبکہ دیگر شہروں کے کرائے بھی 69پیسے فی مسافر فی کلو میٹر کے حساب سے وصول کئے جائیں گے نیز اضافی کرائے وصول کرنے والے بس و ویگن مالکان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب لاہور کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن نمبر No.SO(TR-1)2-6/2000(5) کے مطابق چونکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لہٰذا اس کمی کے پیش نظر حکومت کی جانب سے عوام الناس کو ریلیف دینے کیلئے یکم مارچ 2016ء سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی 8روپے 48پیسے فی لیٹرتک کم کی گئی ہیں اور اسی شرح سے اندرون و بیرون شہر چلنے والی ہر قسم کی ہینو نان اے سی ، سادہ نان اے سی بسوں ، ہائی ایس ویگنوں و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم کئے گئے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ اب اندرون و بیرون شہروں کے درمیا ن پٹرو ل و ڈیزل پرچلنے والی بسوں و ویگنوںکا کرایہ 69پیسے فی مسافر فی کلو میٹر ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ کچے و ہموار راستوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 74پیسے فی مسافر فی کلو میٹر اور پہاڑی و غیر ہموار ر استوں پر چلنے والی گاڑیوں کا کرایہ 78پیسے فی مسافر فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔انہوںنے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز و چیئر مینزڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے کرایوں پر فوری عملدر آمد یقینی بنائیں اور ناجائز و غیر قانونی طور پر زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سڑکوں پر رواں دواں ان فٹ گاڑیاں متعلقہ حکام کیلئے چیلنج بن گئیں۔ٹرانسپورٹ مافیا نے ویگنوں میں ناقص و غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز لگا کر ہزاروں مسافروں کی جانوں کو دائو پر لگا دیا ۔ زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ میں بھی کوئی کمی نہ ہو سکی ۔مسافروں کا خادم اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ فیصل آباد :فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ میں ٹرانسپورٹ مافیا نے ویگنوں میں ناقص و غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز لگا کر ہزاروں مسافروں کی جانوں کو دائو پر لگا دیاہے جبکہ سخت ترین حکومتی احکامات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ میں بھی کوئی کمی نہ ہو سکی ہے نیز سڑکوں پر رواں دواں ان فٹ گاڑیاں متعلقہ حکام کیلئے چیلنج بن گئی ہیں جس پر مسافروں نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر بسلسلہ روزگار ، ملازمت ، تعلیم و تدریس ، کاروبار اور دیگر امور کے باعث سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں ٹرانسپورٹ مافیا اور متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اکثریتی ہائی ایس ویگنوں میں 4سیٹوں کی بجائے پھٹے کی جگہ پانچویں سیٹ لگا کر 15سیٹر منظور شدہ ویگنوں کو 22سیٹر میں تبدیل کرلیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح 13سیٹر منظور ہائی روف اور ون ٹی آر گاڑیوں کو بھی 18سیٹر میں تبدیل کیاجاچکاہے اس طرح جہاں ٹوکن ٹیکس کی مد میں خزانہ سرکار کو لاکھوں روپے کانقصان پہنچایاجارہاہے وہیں اوور لوڈنگ کے ذریعے مسافروں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے حتیٰ کہ کسی بھی ایمرجنسی یاحادثہ کی صورت میں مسافروں کا ویگنوں سے بچ نکلنا ممکن ہی نہیں رہا۔ انہوںنے کہاکہ ویگن و بس مالکان انتہائی دیدہ دلیری سے 69پیسے فی کلومیٹر کی بجائے ہر روٹ پر دوگنا کرائے وصول کررہے ہیں مگر متعلقہ حکام صرف اجلاسوں اور کاغذی کاروائی سمیت بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں لیکن عملی طور پر ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف کوئی کریک ڈائون نہیں کیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ ہائی ایس ، ہائی روف ، ون ٹی آر ویگنیں اصل میں پٹرول پر چلنے کیلئے ڈیزائن کی گئی ہیں مگر ٹرانسپورٹ مافیانے سستی ایل پی جی گیس سے استفادہ اورزیادہ منافع کمانے کیلئے مقامی سطح پر تیارکردہ غیر معیاری ، ناقص ، گھٹیا، خطرناک ایل پی جی سلنڈر لوکل طریقے سے گاڑیوں میں سیٹوں کے نیچے فٹ کروا لئے ہیں جس سے حادثات اور سلنڈر پھٹنے کے باعث مسافروں کی شرح اموات میں زبردست اضافہ ہو گیاہے۔ انہوںنے کہاکہ مسافروں کے واویلا کے باوجود بڑی تعداد میں ان فٹ گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں جن کے گیٹ تک بھی ٹھیک نہیں اس طرح کسی حادثہ کی صورت میں گیٹ نہ کھل سکتے ہیں جس سے حادثات کی سنگینی میں اضافہ اور قیمتی جانیں ضائع ہونے کابھی خدشہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک امریہ ہے کہ متعلقہ ادارے پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ٹرانسپورٹ مافیا کو مسافروں کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈاکے ڈالنے اور ان کی قیمتی جانوں سے کھیلنے کی چھٹی دے دی گئی ہے ۔ انہوںنے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے اپیل کی کہ وہ اس المناک صورتحال کافوری سختی سے نوٹس لیں اور دیگر شعبہ جات کی طرح بااثر ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 7روز گزرنے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں وویگنوں کے کرایوں میں کوئی کمی نہ آسکی۔ ٹرانسپورٹ مافیا ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس ، ضلعی انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کے باعث ڈویژن بھر میں دوگنا کرایوں کی وصولی جاری ۔مسافروں کا شدید احتجاج فیصل آباد :فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں7 روز گزرنے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں وویگنوں کے کرایوں میں کوئی کمی نہ آسکی ہے جبکہ 69پیسے فی مسافر فی کلومیٹر بس و ویگن کاکرایہ مقرر کیے جانے کے باوجود ٹرانسپورٹ مافیا ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کے باعث ڈویژن بھر میں دوگنا کرایوں کی وصولی جاری ہے جس پر مسافروںنے شدید احتجاج کرتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کافوری نوٹس لینے اور بار بار حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے مافیاز کے خلاف سخت ترین کاروائی یقینی بنانے کامطالبہ کیاہے۔ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کے درمیان روزانہ بسلسلہ روزگار ، تعلیم ، کاروبارسفر کرنے والے مسافروں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے یکم مارچ 2016ء کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اندرون و بیرون شہر چلنے والی ہر قسم کی چھوٹی و بڑی گاڑیوں ، نان اے سی ہینوودیگر بسوں ، ہائی ایس ویگنوں ، مزدا ، کوسٹرز ، ون ٹی آر ہائی روف گاڑیوں سمیت تمام اقسام کی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے فی مسافر فی کلومیٹر69پیسے کرایہ مقرر کیا مگر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز ،ٹریفک پولیس، سٹی ٹریفک پولیس اور سٹی وڈسٹرکٹ گورنمنٹس کے متعلقہ حکام کے ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث 7روز گزرنے کے باوجود 69پیسے فی کلومیٹر فی مسافر کے تناسب سے کرایوں پر عملدرآمد نہ ہو سکاہے اور بااثر ٹرانسپورٹ مافیا دوگنا کرائے وصول کررہاہے ۔ یہاں یہ امر بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ ڈویژن بھر کی کسی بھی شاہراہ پر کسی افسر یا ٹریفک پولیس وارڈنز و دیگر حکام کی جانب سے کسی گاڑی کو روک کر مسافروں سے کرائے کے بارے میں دریافت نہ کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ بعض مقامات پر نئے کرایوں کے بارے میں بینرز آویزاں کئے گئے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ مالکان اڈے سے نکلتے ہی دوگناکرایہ مانگناشروع کردیتے ہیں اور اس ضمن میں کوئی ٹکٹ یا تحریری ثبوت بھی فراہم نہیں کیاجاتااس پر ستم ظریفی یہ کہ اگر بینرز پر درج فون نمبرز پر رابطہ کرنے کی کوشش کی جائے تو وہ نمبر بھی اٹینڈ نہ کئے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہی نہیں بلکہ اکثر روڈز پر چلنے والی ہائی ایس ویگنوں میں 15سیٹوں کی بجائے 22سیٹیں نصب کر لی گئی ہیں اور ان میں انتہائی خطرناک اندازمیں ناقص و غیر معیاری گیس سلنڈرز بھی لگا لئے گئے ہیں مگر اکثریتی ان فٹ و خطرناک گاڑیوں کے مالکان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مسافروں کاکہناہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے نئے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا جائے تو وہ برملا اس امر کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ جگہ جگہ ٹرانسپورٹ حکام کو اڈا مالکان کے ذریعے منتھلیاں فراہم کرتے ہیں اس لئے کوئی ان کا کچھ نہ بگاڑ سکتاہے۔ انہوںنے بار بار حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف فوری سخت ترین کریک ڈائون ، نئے کرایہ ناموں پر عملدرآمد ، اضافی نشستیں گاڑیوں سے نکالنے ، ان فٹ گاڑیاں فوری بند کروانے کا بھی مطالبہ کیاہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایوان صنعت وتجارت ، انجمن تاجران ، صارفین ایسوسی ایشن کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں ، ویگنوں ، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کیے جانے پر اظہار تشویش۔ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ضلعی حکومت اور ٹریفک پولیس حکام سے فوری نئے کرایہ جات کی مؤثر تشہیر اور اڈوں سمیت اہم مقامات پر نئے کرایوں پر مبنی بینرز آویزاں کرنے کا بھی مطالبہ فیصل آباد :ایوان صنعت وتجارت ، انجمن تاجران اور صارفین ایسوسی ایشن نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں ، ویگنوں ، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کیے جانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ضلعی حکومت اور ٹریفک پولیس حکام سے فوری نئے کرایہ جات کی مؤثر تشہیر اور اڈوں سمیت اہم مقامات پر نئے کرایوں پر مبنی بینرز آویزاں کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے۔ میڈیاسے بات چیت کے دوران مذکورہ تنظیموں کے عہدیداران نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچ پارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے کا بھی اضافہ کر دیا جائے تو ٹرانسپورٹرز اگلے ہی لمحے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کردیتے ہیں لیکن ستم ظریفی یہ کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چار بار کمی کی جاچکی ہے لیکن ٹرانسپورٹ کے کرائے ایک روپیہ بھی کم نہ کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تشویشناک امر یہ ہے کہ پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، سٹی و ڈسٹرکٹ گورنمنٹس ، ٹریفک پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی اس سلسلہ میں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ٹرانسپورٹ مافیاکو مسافروں اور کاروباری و تجارتی افراد کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈاکے ڈالنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے جو کسی صورت درست اقدام نہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی سخت اضطراب کا اظہار کیاکہ فیصل آباد جھنگ ، جھنگ فیصل آباد ، فیصل آباد چنیوٹ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ تا چنیوٹ اور دیگر روٹس پر چلنے والی 15سیٹر ہائی ایس ویگنوں کے بااثر مالکان نے ڈرائیور سیٹ کی عقبی سائیڈ پر لگے پھٹے کی جگہ ایک مستقل نئی سیٹ کااضافہ کرلیاہے جہاں 4اضافی مسافر بٹھائے جارہے ہیں اورپہلے سے نصب 4 دیگر سیٹوں کا درمیانی فاصلہ بھی کم کرکے گاڑی کو سراسر ناجائز و غیر قانونی طور پر 22سیٹر میں تبدیل کرلیاگیاہے اس طرح مسافر بھیڑ بکریوں کی طر ح سفر کرنے پر مجبور ہیں اور خدانخواستہ کسی بھی حادثہ کی صور ت میں انتہائی تنگ سیٹوں کے باعث ان کا گاڑی سے نکلنا ممکن ہی نہیں ۔انہوںنے کہاکہ موٹر وہیکل ایگزامینر کی ملی بھگت سے بڑی تعداد میں ان فٹ گاڑیاں بھی مختلف روٹس پر رواں دواں ہیں جن میں انتہائی خطرناک اندازمیں ایل پی جی سلنڈرز بھی نصب کر لئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹ مافیا کے جھگڑے بھی روز کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوںنے اربا ب اختیار سے مطالبہ کیاکہ جس طرح دیگر امور کے سلسلہ میں قومی و علاقائی اخبارات میں بڑ ے بڑے اشتہارات شائع کروائے جاتے ہیں اسی طرح نئے کرایوں کی شرح پرمبنی اشتہارات بھی اخبارات میں شائع کروائے جائیں اور مناسب تشہیر سمیت بس و ویگن سٹینڈز پر نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کئے جائیں تاکہ مسافروں کو کرایوں کے بارے میں آگاہی اور استحصال سے نجات مل سکے۔