وزیرآباد کی خبریں 11/3/2016

Chaudhry Sarwar

Chaudhry Sarwar

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) 22مارچ کو قومی اسمبلی کے حلقہ 101 کی انتخابی کمپین کے سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیرآباد کا دورہ کیا۔ مقامی میرج ہال میں منعقدہ وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں کوئی سسٹم نہیں٥ فیصد خاندانوں کا نام ہی حکومت ہے جس طرح وہ چاہتے ہیں ہوتا ہے،خیبر پختونخواہ میں صرف اڑھائی برس میں اتنی تبدیلی آچکی ہے کہ چیف منسٹر اپنی مرضی سے کسی کانسٹیبل کو بھی تبدیل نہیں کرسکتا۔جبکہ دوسرے صوبوں میں حال یہ ہے کہ کوئی گورنر کسی سپاہی کے خلاف بھی ظلم کی درخواست پر کاروائی نہیں کرسکتا، اداروں کو پولیٹیکلائز کردینے کی وجہ سے کہیں انصاف نہیں ہورہا پولیس میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں اور تبادلے ہوتے ہیں اور ریونیو سمیت باقی محکموں کا بھی یہی حال ہے۔ اس ملک میں سیاست کا مقصد تجارت ہے لوگ سیاست میں یہ سوچ کر آتے ہیں کہ اقتدار میں آکر کرپشن کے ذریعے مال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میگا پراجیکٹس میں کروڑوں نہیں اربوں روپے کی کرپشن ہوتی ہے اور کرپشن کی شکایات پر بنائے جانے کمیشنز بھی مزید لوگوں کو نوازنے کیلئے بنائے جاتے ہیں جو اپنا حصہ لیکر سب اچھا کی رپورٹس جاری کرتے ہیں۔ غریب آدمی کی کہیں شنوائی نہیں ہورہی ۔4500 سے زائد لوگ صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے روزانہ موت کا نوالہ بن رہے ہیں۔وطن عزیز میں الیکشن عوامی طاقت سے نہیں پولیس اور پٹواریوں کی مدد سے جیتے جاتے ہیں ہمارے ادارے حکومتی پارٹیوں کے الیکشن لڑتے ہیں۔چوہدری سرور نے کہا کہ دنیا بھر میں یوم انتخاب کے دن جو پارٹی ووٹرز کو باہر لانے میںکامیاب رہتی ہے جیت اسی کی ہوتی ہے۔ اﷲ کے فضل سے پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ملک کے ہر کونے میں موجود ہے پارٹی ورکروں کو ضمنی انتخاب میں پارٹی کی جیت کیلئے زیادہ سے زیادہ محنت کرنا ہوگی ، ضلع گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احمد چٹھہ کی جیت سے دنیا بھر کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستانی عوام اب دوپارٹیوں کے مک مکا پر مزید اعتماد نہیں کرسکتے۔ اﷲ نے ہمیںموقعہ دیا تو ہم ملک میں ایسا نظام لائیں گے جس سے عام آدمی کو بلاتفریق انصاف ، روزگار،تعلیم اور صحت جیسی بنیادیں سہولتیں ملیں گی جس سے امن کی صورت حال خود بہتر ہونا شروع ہوجائے گی۔اس موقعہ پر میاں صلاح الدین قیصر، چوہدری علی بہادر چٹھہ،نعمان قیصراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (نامہ نگار) بجلی بند رہے گی ایکسیئن گیپکو وزیرآباد ملک طارق محمودکی پریس ریلیز کے مطابق 132کے وی گرڈ اسٹیشن وزیرآباد کے فیڈروں کولار،فتح گڑھ، مردیکے، حاجی پورہ پر بروز ہفتہ12-03-2016 اور 19-03-2016بروز ہفتہ کو صبح08:30 سے سہ پہر03:00بجے تک جبکہ ہیڈ خانکی فیڈر پر 13-03-2016بروز اتوار اور20-03-2016 بروز اتوارکوصبح08:30 سے سہ پہر03:00بجے تک ضروری مرمت کے سلسلہ میں بجلی بند رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(نامہ نگار) شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات سے بچائو کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ۔بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے سنیئر قانون دان احمد فراز خان لودھی نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کو گزاری گئی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات اور بے ہنگم ٹریفک پرکنٹرول کیلئے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے سکولوں کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک وارڈنز کو ڈیوٹیوں کیلئے پابند بنانے کیساتھ فٹ پاتھوں کے قیام، شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک سگنلز لگوائے جائیں جبکہ سڑکوں کنارے تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے ۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد انور بریار نے عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔