خانیوال (نوید اشرف کمبوہ) سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ‘اگر کوئی پولیس آفیسر یا اہلکار کسی سائل سے اپنے مفاد کی خاطر کسی بھی قسم کی ڈیمانڈ کرے تو فوراً میرے نوٹس میں لائیں ایسے پولیس افسر یا اہلکار کیخلاف سخت محکمانہ کاروائی کرونگا۔یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے اپنے دفتر میں سائلین کی درخواستوں کی سماعت کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے رشوت ‘بدعنوانی اور جھوٹ کا خاتمہ ضروری ہے اور میں کسی ایسے پولیس افسرکو ہرگز معافی نہیں دونگا جو رشوت یا بدعنوانی میں ملوث پایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ تھانہ پر آنیوالیسائلین کیساتھ مہذب او رنرم رویہ سے بات کی جائے کیونکہ جو سائل تھانہ پر آتاہے وہ پہلے ہی اپنے مسئلہ کی وجہ سے پریشان ہوتا ہے اور جب تھانہ کا عملہ اس سے خندہ پیشانی اور بردباری سے پیش آئے تو سائل کی آدھی تکلیف پولیس رویہ سے ہی ختم ہوجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سائلین کو بلاوجہ تنگ کرنا یا ان کو تھانے کے چکڑ لگوانا اپنے کسی ذاتی مفاد کی وجہ سے لیت ولعل سے کام لینا انسانی اقدار کے منافی ہے ۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مثالی تعاون یقینا جرائم کے خاتمہ اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
قبل ازیں ڈی پی او کے آفس میں خانیوال کے مختلف علاقوں سے لوگ اپنے اپنے مسائل کے حل کیلئے درخواستیں لے کر پیش ہوئے جن میں بلاک نمبر13خانیوال سے ناصر محمود ولد عبدالغفور نے مقامی پولیس کی جانب سے مقدمہ میں درست دفعات کے تحت مقدمہ درج نہ کرنے’124/15Lمیاں چنوں سے شمیم زوجہ ظفر اقبال نے نور محمد کیخلاف زبردستی گھر میں داخل ہوکر زوروکوب کرنے ‘غنی کالونی میاں چنوں سے رضیہ بی بی نے ساجد وغیرہ کیخلاف زبردستی گھر میں داخل ہوکر زیورات اور نقدی چھین لینے ‘118/10Rجہانیاں سے عبدالرشید ولد علی محمد نے مراتب علی وغیرہ کیخلاف سائل کے گھر کے سامنے منشیات فروخت کرنے ’88/10Rکے وحید ولد نور محمد نے نامعلوم ملزمان کا دکان سے سامان چوری کرنے ‘اعوان چوک خانیوال سے اسد حسین ولد بشیر احمد نے نامعلوم چوروں نے دکان کا سامان چوری کرنے’79/10Rخانیوال سے منیر احمد ولد ربنواز نے یامین وغیرہ کا تھانہ پرجھوٹی درخواستیں دے کر پریشان کرنے اور 105/15Lمیاں چنوں سے علی محمد ولد جمال دین نے ممتاز وغیرہ کیخلاف سائل کو زوروکوب کرنے بارے اپنی درخواستیں پیش کیں جن پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے متعلقہ افسران کو سائلین کے مسائل کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔