کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں آج گرد آلود ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، کمشنر کراچی نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرکے تمام بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا ہوا کا کم دباؤ جنوب مشرق ایران اور شمالی بلوچستان میں موجود ہے، جس کے اثرات کراچی میں بادلوں کی صورت میں نظر آرہے ہیں،آج گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ ہفتہ کو بھی باران رحمت برسنے کا امکان ہے۔
متوقع بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، کمشنر نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نظرتمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری رہنے کی ہدایت جاری کیںاور کہا کہ بلدیاتی و متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں تمام عملہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے۔
دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر بلدیاتی اداروں اور اسپتالوں میں متعلقہ عملہ 24 گھنٹے فرایض انجام دے گا۔متوقع بارشوں کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔شہری کسی بھی ایمرجنسی یا بارش کا پانی جمع ہونے کی صورت میں 1339 پر شکایات درج کراسکتے ہیں۔