اوٹاوا (جیوڈیسک) کینیڈا میں مسلمانوں کے ایک قبرستان میں فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے قصبے البرٹا میں مسلمانوں کے ایک قبرستان میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں کو نزدیکی شہر کیلگری کے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق قبرستان میں آخری رسومات ادا کی جارہی تھی اور لوگوں کا ایک گروپ وہاں موجود تھا۔پولیس سارجنٹ جیک پوئٹرس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ فائرنگ موقع پر موجود افراد میں سے ہی کسی نے کی۔قبرستان کے انچارج ذوہیر عثمان نے بتایا کہ فائرنگ سے قبل ایک 21 سالہ نوجوان کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔
دوسری جانب کیلگری کے امام سید سہروردی کے مطابق انھوں نے موقع پر موجود 2 لوگوں سے بات چیت کی، جنھیں شبہ ہے کہ فائرنگ مافیا کے کسی مسئلے پر کی گئی۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ نفرت پر مبنی واقعہ نہیں ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ گینگ وار یا پھر انتقامی کارروائی تھی۔