کولکتہ (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی 20 مہم شروع کرنے سے پہلے ہی ٹیم پاکستان کو نقصان ہو گیا۔ فاسٹ بولر محمد سمیع پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شیڈول کی پریکٹس کے دوران محمد سمیع زخمی ہوئے۔
ان کے پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی جس کے باعث وہ پریکٹس سیشن سے آؤٹ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق محمد سمیع کی فُٹ انجری معمولی نوعیت کی ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں سری لنکا کے خلاف محمد سمیع کھیلیں گے یا نہیں؟ اس کا فیصلہ طبی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
پینیتس سالہ محمد سمیع نے دس ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سترہ وکٹیں گرائیں۔ سولہ رنز کے عوض تین شکار ان کی بہترین کارکردگی ہے جو انہوں نے تین جون 2012ء کو سری لنکا کے خلاف انہی کی سرزمین پر دکھائی تھی۔
محمد سمیع کو ابھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں وائلڈ کارڈ انٹری پہلی پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس پر ملی ہے۔