فیصل آباد (سٹی رپورٹر) انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی جب کمر ٹوٹنے لگی تو انہوں نے پہلے عام لوگوں’ پھر سکیورٹی اداروں’ پھر تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا جب یہ اپنے انجام کے قریب پہنچے تو اب انہوں نے نچلے درجے کے سرکاری ملازمین کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے مگر یہ وطن دشمن یاد رکھیں ان کی کوئی بھی سازش یا کارروائی کامیاب نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں ہونیوالی دہشتگردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ سرکاری ملازمین کی بس کو نشانہ بنا کر ان بزدل دہشتگردوں نے ثابت کر دیا کہ یہ لوگ سامنے آنے کی بجائے پیچھے سے وار کر کے وطن عزیز میں بے چینی پھیلانا چاہتے ہیں مگر وہ یاد رکھیں وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف کا اس معاملے پر یکساں موقف ہے اور دونوں ہی دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے خواہاں ہیں اور یہ نیک خواہش بہت جلد پوری ہونیوالی ہے۔
پاک فوج اور قومی سیاسی قیادت ایک پیج پر متحد ہو کر آگے بڑھ رہی ہے۔ عوام اور املاک کو محفوظ بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جا رہے ہیں مگر وہ لوگ جو ضرضب عضب کے نتیجہ میں بچ گئے اور شہروں کی طرف بھاگ نکلے وہ اس قسم کی کارروائیاں کر رہے ہیں مگر بچیں گے یہ بھی نہیں بہت جلد ان کا مکمل صفایا ہو جائیگا۔