ممبئی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈکوچھ وکٹ سے ہرادیا،کرس گیل سو رن بنا کرمین آف دی میچ قرارپائے،کرس گیل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں گیارہ چھکے لگا کر ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا اپنا ہی رکارڈ بھی توڑ دیا ۔
ممبئی میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،جیسن روئے 15 اور ایلکس ہیلز 28 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، جو روٹ نے 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،جوز بٹلر نے 30 رنز بنائے،کپتان مورگن 27 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جس کی بدولت انگلینڈ مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر 182 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔
جواب میں ویسٹ انڈین اوپنر جونسن چارلز صفر پر آئوٹ ہوگئے،مارلن سیموئیول اور کرس گیل کے درمیان 55 رنز کی شراکت بنی،سیموئیول 37 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو کرس گیل شو شروع ہوا۔
کرس گیل 11 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 100 رنز بناکر ناقابل شکست رہے،وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو بار سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں،ساتھ ہی سب سے زیادہ چھکوں کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر کیا۔ویسٹ انڈیز نے ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔