کراچی کی خبریں 17/3/2016

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے نیکٹا کو فعال بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی فورس کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر مکمل ختم کرنے کے فیصلہ کے اگلے روز ہی پشاور میں دہشت گردوں نے منظم انداز میںسرکاری ملازمین کی مسافر بس کو ٹارگٹ کرکے ملک کی سول اور عسکری قیادتوں کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ وہ آپریشن سے مطمئن ہو کر نہ بیٹھیں اور نہ ہی آپریشن سے امن و امان کی مکمل بحالی کی توقع رکھیں۔جواس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے انتظامی سطح پر جو اقدامات اٹھائے جانے مقصود تھے‘ وہ ابھی تک نہیں اٹھائے گئے ہیں اسلئے اس تناظر میں اصل ضرورت ملک میں پھیلا ان کا نیٹ ورک توڑنے کی ہے جس کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر انکی روح کے مطابق عملدرآمد اور ”نیکٹا “ کو فعال کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے کسی مصلحت سے ہرگز کام نہیں لیا جانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستانی قوم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر فخر ہے ‘ جی کیو ایم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی ریاست کیلیفورنیا اسٹیٹ کی سینیٹ سے پاکستان کے یوم جمہوریہ کے حوالے سے فل ہاﺅس قراردادکی منظور ی اور کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہنے اور پاکستانیوں کی امن پسندی کے اعتراف کو پاکستانیوں کے پر امن ہونے کا امریکی سرٹیفکیٹ قرار دیتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نہ صرف محنت ومشقت کرتے ہوئے بیرون ملک اپنا مقام بنایا بلکہ پاکستان کے امیج کو بھی بہتر کیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف برطانیہ کی پارلیمنٹ میں پاکستانیوں کا خاص مقام حاصل ہے بلکہ اب امریکی حکومت بھی پاکستانیوں کی امن پسندی و افادیت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہے جس پر جی کیو ایم پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھی شکر گزار ہے جن کی زر مبادلہ سے ہماری اکانومی چل رہی ہے اور جن کا کردار پاکستان کا سافٹ امیج ڈیولپ کرنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کا باعث ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھارت انتہا پسندی کی تمام سرحدیں پار کرچکا ہے ‘ راجونی اتحاد
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی © ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی و دیگر نے پاکستانی سفارتکاروں کوپاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کی اجازت دینے سے بھارتی انکارکو بھارت کا انتہا پسندانہ رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ دے کر بھارتی حکومت نے پاکستان سے اپنے خبث باطن کا اظہار کیا ہے۔اس کا یہ اقدام سفارتی آداب کی صریحاً خلاف ورزی اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سفارتکاروں کو کولکتہ جانے کی اجازت نہ ملنے پر بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔انکی طرف سے رابطہ ہی کافی نہیں، شدید احتجاج بھی کیا جانا چاہیے،انڈیا کو شرمناک شکست تو نیوزی لینڈ نے دی ہے مگر مہاشے غصہ پاکستان پر نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اداروں کی نجکاری کی حکمت عملی حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے ‘ سولنگی اتحاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر وبزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈاکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی و دیگرنے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے بجلی چوری کا علاج نجکاری کو قرار دیئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا یوں ہے جیسے حکومت نے ہر خسارے میں چلنے والے ادارے کی اصلاح کی بجائے نجکاری کے عمل کو اس کا علاج سمجھ لیا ہے۔ یوں اب وہ اس ”امرت دھارا“ سے واپڈا کی بجلی چوری اور واپڈا ملازمین کی کام چوری کا علاج کرنا چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری پر کمربستہ حکمران پاکستان اسٹیل ، پی آئی اے اور ریلوے کے بعد اب واپڈا کی نجکاری کیلئے پر تول رہے ہیںجو حکومتی ناکامی مظہر ہے کیونکہ حکمرانی کا مطلب نجکاری نہیں بلکہ اداروں کی اصلاح کرتے ہوئے انہیں منظم و مفید بنانا ہوتا ہے مگر حکمرانوں کی اداروں کو خسارے زدہ قرار دیکر نجکاری کی حکمت عملی اس کی ناکامی کا ثبوت ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پی آئی اے کو مفید قومی ادارہ بنایا جاسکتا ہے‘ دی کامن لیگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے نجکاری منصوبہ قومی مفادات کیخلاف ہے کیونکہ قومی اداروں کی بیرونی سرمایہ کاروں کو فروخت قومی دولت کی بیرون ملک منتقلی کا باعث بنے گی ۔ یہ بات دی کامن لیگ کے کنوینر شجاع الرحمن نے پی آئی اے نجکاری منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے پی آئے اے نجکاری منصوبے کو پی آئی اے سے مخلص ووفادار ملازمین کیساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مخصوص طبقات و افراد کے مفادات اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے فائدے کیلئے قومی ایئر لائن کی نجکاری کسی طور مناسب نہیں ہے اسلئے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اس قومی ادارے کو منافع بخش اور مسافروں کیلئے مفید و باسہولت بنانے کیلئے کامیابی سے چلنے والی ایئر لائنز سے مشاورت و رہنمائی یا معاوضہ پر خدمات مستعار لی جانی چاہئیں تاکہ خسارہ کا شکار یہ ادارہ منافع بخش صنعت کا درجہ حاصل کرلے جبکہ پی آئی اے کی اوورہالنگ اور نقائص و خامیوں کی اصلاح کرکے اس ادارے کو حقیقی معنوں میں منافع بخش و مفید قومی ادارہ بنانے کیلئے ہماری پیشہ ورانہ و ماہرانہ تجاویز بلا معاوضہ حاضر ہیں جن کی مدد سے حالات میں درستگی لاکر پی آئی اے کی نجکاری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔