سبی (محمد طاہر عباس ) نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کیا جائے کیونکہ آج مغربی میڈیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہماری نوجوان نسل کو میڈیا کے ذریعے بگاڑرہا ہے اگر ہم نے اس اہم مسلے کی طرف توجہ نہ دی تو ہماری آنے والی نسلیں منشیات، راہزنی ،چوری ڈکیٹی جیسے سنگین وارداتوں میں مبتلا ہوجائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ترقیات و چیئرمین سپورٹس کمیٹی سبی میلہ راجہ وقارالزماں ، اے ایس پی شمائل ریاض ملک نے جشن سبی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ مقابلہ کی منعقدہ ڈویژنل پبلک سکول کے ہال میں پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر قبائلی و سیاسی رہنما میر مظفر نذر ابڑو، پشتونخوا ملی پارٹی کے سید نور احمد شاہ، بھوتار سلیم مرغزانی، ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن سبی کے صدر شعیب مغل، جنرل سیکریٹری قاضی قادر، خازن مدثر خان پریس سیکریٹری طاہر عباس، کاشف بھٹہ، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے جنرل سیکریٹر ی یار علی گشکوری ،نائب صدر حاجی صدر الدین طارق، فنانس سیکریٹری سید طاہر علی، سپورٹس سیکریٹر ی نیاز احمد نیازی، کے علاوہ شائقین باڈی بلڈنگ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاضی قادر جبکہ نعت رسول مقبول ۖ ریاض ندیم نیازی نے حاصل کی۔
کمپیرئرنگ کے فرائض کاشف بھٹہ اور ججز کے فرائض استاد محمد علی بلوچ، شمائل ریاض ملک، شعیب مغل نے انجام دیے جشن سبی میلہ چیمپئن شپ میں سبی کے مختلف کلبز کے باڈی بلڈرز نے مقابلے میں حصہ لیا اور تن سازی دکھا کر شائقین سے خوب داد حاصل کی ججز کے فیصلے کے مطابق جشن سبی میلہ چیمپئن 2016کا اعزاز محمد جہانگیر نے اپنے نام کر لیا مقررین نے کہا کہ سبی جیسے تاریخی شہر میں باڈی بلڈنگ کے مختلف کلبز موجود ہیں اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سبی کے نوجوان باڈی بلڈنگ سمیت سپورٹس کے دیگر پروگرامز میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔
اے ایس پی شمائل ریاض ملک نے کہا کہ میں اس بات پر مسرت کا اظہار کرتا ہوں کہ سبی کے جوانوں مین بہت ٹیلنٹ ہے اگر حکومتی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تو مجھے یقین ہے کہ باڈی بلڈنگ میں سبی کے نوجوان مسٹر بلوچستان اور مسٹر پاکستان بننے کا اعزاز رکھتے ہیں تقریب کے اختتام پر تمام باڈی بلڈرز و دیگر میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔