تلہ گنگ : تحصیلدار تلہ گنگ خالد محمود ستی نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم پر ہونے والی پیمائش میں کوئی نئی بات سامنے نہیں آئی۔منصور مارکیٹ کا جو حصہ مسمار ہوا وہ تجاوز تھا اور آج کی پیمائش میں بھی وہی تجاوز برقرار رہا ہے۔میڈیا جھوٹے بیان چلانے سے گریز کرے۔حقائق کو سامنے رکھا جائے۔اراکین تلہ گنگ پریس کلب و تحصیل پریس کلب سے گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود ستی نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کرنے سے پہلے اچھی طرح پیمائش کی گئی تھی لہذا اب دوبار ہ پیمائش صرف ہائی کورٹ کے حکم پر کی ہے۔
پیمائش کے تناظر میں میرا جھوٹا بیان میڈیا پر چلایا جا رہا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ تحصیلدار نے منصور ٹمن کو کہا ہے کہ آپ کو غلہ منڈی کی سمت سے جگہ دے دیتے ہیں۔انہوں نے سختی سے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنمنٹ کی جگہ دینے والا میں کون ہوتا ہوں۔تجاوز جتنا پہلے تھا وہی نکلا۔کسی بھی قسم کا فرق نہیں آیا۔
میڈیا نے میرا جھوٹا بیان چلا کر زیادتی کی ہے۔ جس پر مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ کونسلر زاہد محمود اعوان کو باب تلہ گنگ اور پھولوں کی کیا ریوں کا ریکارڈ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے صرف منتخب ہوئے ہیں ابھی ان کو اختیارات منتقل نہیں ہوئے۔کوئی بھی بلدیاتی نمائندہ ٹی آر او سے ریکارڈ طلب کرنے کا مجاز نہیں ہے۔