لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ عمران خان، شیخ رشید اور ڈاکٹر طاہر القادری پاک بھارت میچ کا بہانہ بنا کر حکومت کے خلاف منصوبہ بندی کے لیے بھارت گئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھاکہ عمران خان، شیخ رشید اور ڈاکٹر طاہر القادری اس وقت بھارت میں ہیں، پاک بھارت میچ تو ایک بہانہ ہے، اصل میں وہ بھارت میں حکومت کے خلاف پلاننگ کرنے کے لئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ تینوں افراد کو چاہئے کہ منفی منصوبہ بندی کی بجائے قومی ٹیم کے لئے دعا کریں۔
اس سے قبل اسلام آباد سے اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے ماحول کے تحفظ کے لیے گرین پارلیمنٹ کا کیاگیا وعدہ پورا کردیا،پارلیمنٹ ہاؤس شمسی توانائی پر چل رہی ہے اور نیٹ میٹرنک کا پہلا لائسنس اسے ملا ہے، شمسی توانائی کے استعمال سے پارلیمنٹ ہاؤس کابجلی کا بل صفر ہوجائے گا، پارلیمنٹ سولر پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی بھی فراہم کر رہی ہے۔