اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل پر حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو پیر کی دوپہر 2 بجے بریفنگ دی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کا جائزہ لینے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لائحہ عمل اپنانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو گا، جس کی صدارت قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کریں گے۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم، اے این پی، قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی رہنماء شریک ہوں گے۔ سینیٹ کی اپوزیشن جماعتیں بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔