مدینہ منورہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں مسافر بس الٹنے سے 19 مصری باشندے جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ہفتے کی علی الصبح مصر سے تعلق رکھنے والے 44 افراد عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ المکرمہ سے مدینہ منورہ جارہے تھے کہ ان کی بس الٹ گئی، حادثے میں 19 جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو مدینہ منورہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کے عہدیدار ہشام النقیب نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق مصر کے مختلف شہروں سےہے، مصر کا سفارت خانہ اس سلسلے میں مقامی سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔ مدینہ منورہ کے ٹریفک کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نواف المحمد کا کہنا ہے کہ حادثہ کی وجہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سعودی عرب کی سرحد کے قریب جنوبی اردن میں فلسطینی معتمرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔