کراچی (جیوڈیسک) سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے اپنی نئی پارٹی کا نام پاکستان قومی موومنٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا پرچم پاکستانی پرچم جیسا ہوگا جس کے سفید حصے پر پی کیو ایم تحریر ہوگا اور سبز حصے پر ایک چاند اور پانچ ستارے ہوںگے بڑے ستارے کے چاروں طرف we own pakistan لکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 23 مارچ کو جب پارٹی کا باضابطہ اعلان ہو گا تو5000 سے زائد پر چم بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر پارٹی میں ایک ایڈہاک آرگنائزنگ کمیٹی بنائی جائیگی جس کے بعد پارٹی رہنما سندھ بھرکا دورہ کریں گے، پھر دوسرے صوبوں کا دورہ کیا جائیگا اور اپریل میں جب پہلا کنونشن بلایا جائیگا تب پارٹی کے عہدیداروں کا بھی اعلان کیا جائیگا۔
ملتان سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مصطفیٰ کمال نے تنظیم سازی کیلیے جنوبی پنجاب کی سیاسی شخصیات سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔ ملتان کے علاقے شاہ فیصل کالونی، امیر آباد میں مصطفی کمال کی حمایت میں بینر بھی لگا دیے گئے ہیں۔