پشاور (جیوڈیسک) پانچ سال قبل شہریوں کی تفریح کیلئے لگ بھگ دو کروڑ روپے سے لگنے والے جدید ڈیجیٹل ڈانسنگ فوارے انتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہو گئے۔
ناظمین نے بھی عوامی مسائل سے منہ موڑ لئے ۔ خیبرپختونخوا کی سابق اے این پی حکومت نے پشاور کے جناح پارک میں شہریوں کی تفریح کیلئے ڈیجیٹل فوارے نصب کئے۔
سینئر وزیر شہید بشیر بلور نے 2011ء میں ڈیجیٹل ڈانسنگ فواروں کا افتتاح کیا تھا لیکن ایک ماہ کے بعد ہی یہ فوارے خراب ہوگئے اورانہیں آج تک ٹھیک ہی نہ کرایا گیا ، شہری سراپا احتجاج بن گئے۔
ان فواروں میں 150 اقسام کی لائٹیں لگائی گئیں جبکہ فواروں کا ساز و سامان جاپان سے منگوایا گیا تھا۔ شہریوں نے فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیجیٹل فواروں کی حفاظت کیلئے 25 اہلکار بھی تعینات کئے گئے لیکن ان کا اب کوئی نام و نشان نہیں۔
صوبے میں حکومت بدلی ، بلدیاتی نظام بھی رائج ہوا لیکن پشاور کو خوبصورت بنانے کی دعویدار حکومت نے بھی اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔