کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ رکنیت اختیار کرنا جماعت اسلامی کی بنیاد ہے۔ ارکان نے جو حلف اٹھایا ہے اللہ اور رسولۖ کو حاضر رکھ کر اٹھایا ہے اللہ تعالیٰ سے وعدہ کیا ہے قرآن کا صیح شعور اور فہم حاصل کرکے اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نارتھ کراچی زون کے زیر اہتمام جامع مسجد الہدیٰ، سیکٹر11-A میں منعقدہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غلبہ اسلام کی عالمگیر تحریک ہے ہم محض اللہ کی رضا کی خاطر جماعت اسلامی میں آئے ہیں اور جو راستہ ہم نے منتخب کیا ہے وہ اقامت دین کی جدوجہد کا راستہ ہے۔ فکر بیداری قابلیت وصلاحیت کا بہترین استعمال تقویٰ اور نصب العین سے ہم آہنگی کے ذریعے ہی تحریک کو مضبوط اور منظم کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر امیر زون طارق مجتبیٰ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی امین اور دیانت دار قیادت ہی نظام تبدیل کرسکتی ہے۔
نظام تبدیل کئے بغیر اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب شر مندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ اجتماع ارکان سے نائب امیر اسد اللہ، سعد اعظم، جنرل سیکریٹری علی ارشد نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں مفتی مصباح اللہ صابر نے درس قرآن دیتے ہوئے کہا کہ قرآن دستور حیات ہے قرآن پر عمل کرکے ہی زندگی کو آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔ حضورۖ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، جماعت اسلامی اس ملک میں اللہ کے دین کو اللہ کی زمین پر غالب کرنے کے لئے اول روز سے کوشاں ہے عوام قرآن وسنت کے نظام کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔