کراچی (جیوڈیسک) فنکار متحد ہو گئے اور جلد وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کریں گے، اور انھیں فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار ٹیلیویژن کے سینئر اداکار، ایوب کھوسو نے آرٹ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں اور فنکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا، اس موقع پر کرکٹر معین خان، قوال امجد صابری، گلوکار سلیم جاوید، حسن جہانگیر، عابدہ خانم، اداکار انور اقبال، اسلم شیخ، غالب کمال، دانش نواز، گلوکار ارشد محمود، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی، رؤف اختر فاروقی، گلوکارہ رافعہ رضوی، شبانہ کوثر، عروسہ، امجد شاہ، فیصل ندیم، ارم ملک، امجد رانا اور دیگر فنکار بھی موجود تھے۔
اداکار ایوب کھوسو نے مزید کہا کہ حکومت فنکاروں کی سرپرستی کے لیے آگے بڑھے، کیونکہ فنکار کسی بھی ملک کے لیے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر معین خان نے کھلاڑیوں اور کرکٹرز کا چولی دامن کا ساتھ ہے، آج کی تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں فنکاروں کو دیکھ کر دل خوش ہو گیا، گلوکار سلیم جاوید نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات محبتوں کو فروغ دیتی ہیں۔
اداکار انور اقبال نے کہا کہ ٹیلیویژن نے ہمیں بہت عزت دی، آج بھی ہمارے ڈرامے ناظرین میں بے حد مقبول ہیں، گلوکار ارشد محمود نے کہا فلم انڈسٹری بحال ہو گئی امید ہے کہ اب فنکاروں کے مسائل کم ہوں گے، تقریب میں میزبان بابر عباسی کی جانب سے آرٹ فاؤنڈیشن کے عہدیداروںکوسندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کی گئی۔