سوات (جیوڈیسک) مانکیال میں برفانی تودہ گرنے سے بحرین کالام روڈ 4 روز سے بند ہے، جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
4 روز قبل مانکیال کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے بحرین اور کالام کے درمیان سڑک بند ہو گئی تھی، برفانی تودے سے 400میٹر سڑک بلاک ہو گئی ،جس کی وجہ سے سیاح کالام اور گرد و نواح کے لوگ کالام میں پھنس گئے ہیں۔
متاثرین کاکہنا ہے کہ سڑک کی بندش سے علاقے میں اشیائے خورونوش کی ترسیل میں مشکلات ہیں ساتھ ہی مریضوں کو اسپتال بھی نہیں پہنچایا جاسکتا ۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کھولنے کیلئے کام جاری ہے اور جلد ہی سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔ سڑک بند ہونے کے باعث مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ سڑک کلیئر کر نے میں مصروف ہیں،اُن کاکہنا ہے کہ سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کرنے میں مزید 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں۔