کراچی (پ ر) مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے آج یوم پاکستان قومی جوش وجزبے کے ساتھ منایا جائے گا اس سلسلے میں کراچی ڈویژن کے تمام زونز ویونٹس میں تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا جس میں قومی ہیروز اور آزادی وطن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ پاکستان بنانے میں بزرگوں کے اصل مقصد پر ایم ایس او کے ذمہداران ، دانشور ، وکلاء ، صحافی اور دیگر شعبہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد روشنی ڈالیں گے۔منگل کو مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
جس میں ناظم کراچی صدیق شیرازی، ناظم عمومی انور علی صدیقی ، ناظم اطلاعات عنایت اللہ فاروقی ودیگر تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی شہر بھر کے تعلیمی اداروں اور یونٹس میں 23 مارچ کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا جن کا مقصد نسل نو کو پاکستان کے حصول کیلئے بذرگوں کی قربانیوں اور وطن عزیز کے حصول کی اصل وجہ سے آگہی فراہم کرنا ہوگا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم کراچی صدیق شیرازی نے کہاکہ پاکستان کی بنیاد اسلامی نظریہ ہے آج پاکستان میں ہرشخص یوم آزادی یا 23مارچ مناتاہے مگر اس کے حصول کے حقیقی مقصد کو پس پشت ڈال دیا گیاہے، انہوںنے کہاکہ وطن عزیز کو بنے ہوئے 68سال ہوگئے مگر اس کو اصل مقصد کے مطابق چلانے والے نہیں ملے اگر ملے تو بھی بیرونی قوتیں اور دشمن عناصر اس کی راہ رکاوٹ بنتے رہے ہیں ، انہوںنے کہاکہ مسلم اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کا مقصد یہی ہے کہ اس ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرکے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے خواب کے مطابق بنانا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نظریاتی ریاست ہے یہاں کوئی بیرونی نظام نہیں چل سکتا ہے۔