لاہور (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد بات کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی نے کہا باؤلرز نے مڈل اوورز میں اچھی بولنگ اور ابتدائی اوور میں احمد شہزاد، شرجیل خان نے اچھی بیٹنگ کی۔ ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا لیکن زیادہ ڈاٹ بال کیوجہ سے میچ نہیں جیت سکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا ہر میچ میں غلطیاں ہوئیں جو ٹھیک نہیں غلطیوں پر قابو پا کر اگلے میچ پر توجہ مرکوز رکھنا ہو گی۔ شاہد آفریدی نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگلا میچ میرے کیریئر کا آخری میچ ہو۔
شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ شاہد آفریدی نے کولن منرو کو ٹھکانے لگانے کے بعد کورے اینڈرسن کو بھی پویلین روانہ کیا۔
پاکستانی کپتان ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں انتالیس وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے۔ لیگ اسپنر کو مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ ستانوے میچز کھیلنے اور ستانوے وکٹیں اڑانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔