فیصل آباد (جیوڈیسک) یوم پاکستان کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں 150 سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جیتنے والوں میں ایک لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
میراتھن ریس کا آغاز اقبال سٹیڈیم سے ہوا جس کا افتتاح ڈی سی او سمیت اراکین اسمبلی نے کیا۔ میراتھن ریس میں شہر بھر سے 150 سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ ریس میں شریک نوجوانوں کو 6 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔
جیل روڈ سے ہوتے ہوئے ضلع کونسل چوک اور پھر حلال احمر چوک سے ہوتے ہوئے دوبارہ اقبال سٹیڈیم پہنچنا تھا۔
خوب جان لڑانے کے بعد ونرز جب پہنچے تو ان کا بھرپور استقبال کیا گیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ پچھلے سال پہلا نمبر حاصل کرنے والے سمیع اللہ اس بار بھی فاتح ٹھہرے۔ دوسری جانب جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کیلئے تقریب بھی منعقد کی گئی اور نقد ایک لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس قسم کی ریس کا انعقاد نوجوان ایتھلیٹس کیلئے بہت ضروری ہے۔