کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوبھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 33000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بارپھر گرگئی، مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے مزید 40 ارب 70 کروڑ روپے ڈوب گئے۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بدھ کویوم پاکستان کی تعطیل اور اقتصادی افق پر کوئی مثبت اطلاع نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی محدود رہی جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا مورال متاثر رہا،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 94.57 پوائنٹس کی کمی سے32928.30 ہو گیا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 8.26 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 13 کروڑ 31 لاکھ 60 ہزار 20 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 326 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 100 کے بھاؤ میں اضافہ، 194 کے داموں میں کمی اور 32 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔