لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے سابق تحصیل ناظم فتح جنگ سردار افتخار احمد کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میجر (ر) طاہر صادق، ملک جمشید، ملک نصرت، ملک انصر، سردار اشتیاق خان، مظہر خان، اعجاز خان، فتح جنگ میونسپل کمیٹی کے منتخب سات کونسلر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لاہور(جی پی آئی) مسلم لیگ ہائوس میں یوم پاکستان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین اور دیگر پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی آن بان شان کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے سے دریغ نہیں کریں گے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے جن مقاصد کیلئے قربانیاں دی تھیں کیا ان کو حاصل کر لیا گیا ہے، کشمیر کی آزادی تک پاکستان مکمل نہیں ہوتا اس لیے پاکستان کے عوام کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے فرمان پر موجودہ حکمران عمل نہیں کر رہے صرف پاکستان مسلم لیگ ہی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقلیتوں کا بھی ساتھ دیا اور چودھری پرویزالٰہی کی حکومت نے پنجاب میں بلامتیاز عوام کی فلاح و ترقی کیلئے مثالی کام کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کا اربوں روپیہ حکمران نمائشی منصوبوں اور اپنی عیاشیوں پر ضائع کر رہے ہیں۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم آج بھی اپنے آپ کو آزاد قوم کے طور پر نہیں منوا سکے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں ہم پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے قومی اور عوامی مسائل کے حل اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے شہداء اور ملک کی جغرافیائی سرحدوں و داخلی سلامتی کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں بل پر حکمران کیوں زور دے رہے ہیں جبکہ ہمارے سامنے ہمارے پیاری نبی ۖ کا قانون موجود ہے اسے کیوں نہیں نافذ کرتے۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے حقوق نسواں بل کی بجائے جہیز کی لعنت کے خاتمہ کا بل کیوں منظور نہیں کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو جنت کا گہوارہ بنانا ہے آج کے دن ہمیں اس بات کا بھی عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو روشنی کا مینار بنانا ہے جسے پوری دنیا عزت کی نگاہ سے دیکھے۔ سیمینار سے میاں محمد منیر، خدیجہ فاروقی ایم پی اے، انجینئر شہزادالٰہی، عالمگیر ایڈووکیٹ، آمنہ الفت، شیخ عمر حیات اور شہزاد احمد مغل نے بھی خطاب کیا جبکہ مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، کرنل (ر) محمد عباس، بلال مصطفی شیرازی، سجاد بلوچ، ماجدہ زیدی، کنول نسیم، ناصر رمضان گجر، سہیل چیمہ، قیصر رشید، رانا استخار، شیخ عمر و دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے آرگنائزر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ کا دور ہی ایسا تھا جس میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی گئی، خواتین کا وقار بحال ہوا، انہیں ہر شعبہ زندگی میں نمائندگی دی گئی۔ انجینئر شہزاد الٰہی نے کہا کہ قائداعظم نے مینارٹیز سے جو وعدے کیے چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی نے انہیں عملی طور پر پورا کر کے دکھایا۔# ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لاہور(جی پی آئی)اخوت کے پروگرام ”اخوت ڈریم” کے زیر اہتمامKFCکے تعاون سے یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی بچوں کیلئے KFCبرکت مارکیٹ’ نیوگارڈن ٹائون میں ایک رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیشل بچوں نے پاکستانی پرچم والی جھنڈیاں اٹھائے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ٹیبلو بھی پیش کئے جبکہ اس موقع پر سپیشل بچوں میں گیمز اور فیس پینٹنگز کے مقابلے بھی کرائے گئے۔پروگرام کے مہمان خصوصی پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے چیئرمین ناصر عباس تارڑ’اخوت ڈریم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عصمت لغاری’اخوت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی اور KFCکے بزنس ہیڈہمایوں ساجدتھے ۔اخوت ہیلتھ سروسز کے ہیڈ ڈاکٹر طاہر رسول’مسز روبی’ شائستہ خاور’مس خاور سلطانہ’ محمد عبداللہ’مس عالیہ’عینی دانیال اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔پروگرام میںمیجک ماسٹر نے بچوں کو جادو کے کرتب دکھائے جبکہ معروف گلوکار اور سپیشل چائلڈ علی رضا نے ملی نغمے اور گانے گائے جس پر سپیشل بچوں نے ڈانس بھی کیا۔اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی اورہمایوں ساجد نے کہا کہ خصوصی بچے قوم کا ایسا سرمایہ ہیں جسے کسی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔اگرچہ قدر ت نے خصوصی بچوں کو بعض صلاحیتوں سے محروم رکھا ہے لیکن انہیں ایسی اہلیت ، ہنر مندی اور صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ایک نارمل انسان میں نہیں پائی جاتیں۔انہوںنے کہا کہ خصوصی بچے مشکلات کے باوجود زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمیں ان بچوں کی تعلیم و تربیت میں ذاتی دلچسپی لینی چاہئے تا کہ وہ دوسرے نارمل بچوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل افرادمعاشرے کے اہم فرد ہیں ان کے تشخص کو ان کی صلاحیتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جس دن تمام پاکستانیوں کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام و خوشحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ قرارداد پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی اور اس انقلاب کا بنیادی مقصد محض سیاسی نظام یا اداروں میں تبدیلی لانا نہیں بلکہ اس کا دائرہ اثر اپنی سماجی زندگی کے تمام شعبوں تک بڑھاناہوگاتاکہ تبدیلی کا عمل محدود پیمانے کی بجائے کثیرالجہتی ہو۔بعد ازاں بچوں کو KFCکے سپیشل برگر بھی دئے گئے۔