عمر کوٹ (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، برابری، عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق کے بات کرتے ہیں ، پسے ہوئے طبقات کی بات کرتے ہیں۔
عمر کوٹ میں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سندھ حکومت نے اسمبلی میں ہندو میرج ایکٹ منظور کروایا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایسا بل منظور ہوا ہو ، اس سے پہلے کسی حکومت میں ایسی جرآت نہیں تھی کہ وہ ایسا کام کرے آج بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے نے ہندوئوں کو قانونی تحفظ دیا، یہ کافی نہیں ہے ہم آپ کو مزید مضبوط کریں گے اور آپ کو برابر کے شہری کا درجہ دلائیں گے ۔ ہم نے ہولی کے تہوار پر عام تعطیل کا اعلان کیا ، ہم اقلیتوں کو برابری کے حقوق دلوائیں گے۔
ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ اقلیتوں کا پاکستان الگ ہو اور مسلمانوں کا پاکستان الگ ہو ، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان ہو ، ہم سب کیلئے ایک جیسا پاکستان چاہتے ہیں ، یہ ملک سب کا ملک ہے۔
ہم نے اس ملک میں عورت کو عزت دی ، اس کو اس کا اصل مقام دلانے کیلئے کوشش کی ۔ میری اس ملک میں رہنے والی اقلیتوں سے اپیل ہے کہ اس ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں ، میری پاکستان کی خواتین سے اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور میرا ساتھ دیں ، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک اس میں مرد اور عورت ایک ساتھ شانہ بشانہ کام نہیں کرتے ۔ پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ محمد علی جناح کو قائد اعظم بنانے میں سب سے بڑا کردار فاطمہ جناح کا تھا ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بغیر پاکستان نامکمل ہوتا۔
میں اپیل کرتا ہوں کہ میری تمام بہنیں میرے ساتھ کھڑی ہوجائیں تاکہ اس ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا ، ان غریبوں نے ہی پاکستان کی حالت بدلی، آج پھر انہی غریبوں کو آگے آ کر پاکستان کی حالت بدلنا ہوگی۔
میں وعدہ کرتا ہوں کہ کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، آپ سب کو آپ کے حقوق واپس دلائوں گا ۔ میں آپ سب کی جنگ ایسے لڑوں گا جیسے میری والدہ نے لڑی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس علاقے میں گیس نہیں ہے ، بنیادی سہولیات کی کمی ہے ، آج بھی چولہا جلانے کیلئے لکڑیاں جلائی جا رہی ہیں۔
وفاقی حکومت کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اس صوبے سے سب سے زیادہ گیس پیدا ہو رہی ہے اور اس پر سب سے زیادہ حق یہاں کے عوام کا ہے، میں حکومت کو کہتا ہوں کہ عمر کوٹ کو جلد از جلد گیس فراہم کی جائے ورنہ میں یہاں کے عوام کے ساتھ خود احتجاج کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ 26 مارچ کو جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہو رہا ہوں، میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید بی بی نے جو آپ سے وعدے کئے تھے اس کا بیٹا ان وعدوں کو پورا کرنے کیلئے میدان میں آ گیا ہے۔