کراچی (جیوڈیسک) ٹنڈو محمد خان میں کچی شراب پینے سے 55 افراد کی ہلاکت کے بعد سندھ کے کئی شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاونٔ شروع کر دیا گیا ہے اور کئی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہیں۔
ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں میں اتوار کو کچی شراب پینے سے 100 سے زائد افراد متاثر ہوئے جن میں 3روز کے دوران 55 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔اب بھی 27 افراد حیدر آباد کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ہلاکتوں کے بعد سندھ کے کئی شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیا ہے۔
ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اب تک 10 افراد کو حراست میں لےلیا ہے اور 7 سو لیٹر کچی شراب برآمد کرلی ہے۔
اوباڑو کے دیہی علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 منشیات بنانے اور فروخت کرنے والوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔کچی شراب بنانے کی 15 بھٹیوں کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
ٹنڈو باگومیں پولیس نے 600 لیٹر شراب برآمد کر لی ہے اور 5 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔